ڈپٹی کمشنر لکی مروت جہانگیر اعظم وزیر کی طرف سے کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:55

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر لکی مروت جہانگیر اعظم وزیر کی طرف سے لگائی گئی کھلی کچہری کے دوران چوکی جنڈ اور نواحی دیہاتوں کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آبادی کو بچانے کے لئے دریائے گمبیلا کے کنارے حفاظتی بند تعمیر کیا جائے جبکہ تعلیم ، صحت، آبنوشی،لائیو سٹاک اور مواصلات کے شعبوں میں درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات لئے جائیں ۔

کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز سجاد حسین و نجیب اللہ، ڈی ایس پی ہدایت اللہ شاہ، ایس ڈی ای او قدیر شاہ اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔دیہی عوام کا کہنا تھا کہ دریائے گمبیلا کی موجوں سے گائوں کو خطرہ ہے، ویٹرنری ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ضرورت ہے جبکہ ویمن ویلفیئر سینٹر میں تعینات ڈاکٹر کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بجلی بلوں میں جرمانے اور گھر بیٹھے ریڈنگ کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ واحد گرلز مڈل سکول میں ٹرانسفارمر، سولر پاور سسٹم اور پریشر پمپ لگایا جائے جبکہ وانڈہ پائندہ خان میں سرکاری گزرگاہوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے، اس کے علاوہ خراب واٹر سپلائی سکیم کی مرمت کی جائے۔ انہوں نے وانڈہ ارسلا سڑک کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیرنے متعدد درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ضلعی انتظامیہ گھروں کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :