اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد پولیس آرڈر 2002 کے نفاذ کیلئے دائر درخواست پر سماعت 7جنوری تک ملتوی کر دی

جمعہ 11 اکتوبر 2019 20:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد پولیس آرڈر 2002 کے نفاذ کیلئے دائر درخواست پر سماعت 7جنوری تک ملتوی کر دی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس پر سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد طارق محمود جہانگیری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پولیس آرڈر کی جو شقیں قابل عمل نہیں ان کے حوالے سے چارٹ کے ذریعے عدالت کو آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

عدالت نے سوال اٹھایا کہ قانون کی کچھ شقیں قابل عمل نہ ہوں تو اس کی حیثیت کیا ہوگی ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی جانب سے حقیقت عدالت کے سامنے نہیں رکھی گئی،پولیس آرڈر 2002 کے بعد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2015 آ گیا ہے ۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پولیس آرڈر 2002 کسی اور آرڈیننس کے تحت نہیں آتا،یہ اسلام آباد پر ہی لاگو ہونا ہے جو لوکل گورنمنٹ کے ساتھ ہی لاگو ہونا تھا،لوکل گورنمنٹ کے نفاذ کے بعد نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں۔ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد ہائی کورٹ طارق محمود نے کہا کہ اسلام آباد میں نہ ضلع ناظم نہ ڈسٹرکٹ پبلک سیفٹی کمیشن ہے ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 جنوری تک ملتوی کر دی۔