ضلعی ہسپتال سکردو میں عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 13:37

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سکردو میں صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سکردو میں مریضوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے مطالبات درج تھے۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں نجف علی, محمد علی دلشاد,شریف اخونزادہ,احسان علی,منظور یولتر نے کہاکہ سکردو کے مریض صحت کی بنیادی سہولیات کیلئے ترس رہے ہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سکردو میں مریضوں کو سہولیات نہیں مل رہی ہیں، سکردو ہسپتال کیلئے آنے والی ایم آر آئی کی مشین وزیراعلی کے حکم پر گلگت میں نصب کر دی گئی اور ہمارے منتخب نمائندے تماشہ دیکھتے رہے،انھوں نے کہا کہ وی آئی پی کلچر کو ختم کیا جائے اورعام مریضوں کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے ،ہم عوامی مطالبے کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ،سکردو ہسپتال کو لاوارث چھوڑنے کے بجائے جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے بلتستان کے سب سے بڑے صحت کے مرکز میں جدید مشینری نصب کی جائے، ادھر میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر اشرف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سکردو ہسپتال کی حالت میں بڑی بہتری لائی جا چکی ہے ، ہم اپنی بساط کے مطابق مریضوں کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں ہسپتال انتظامیہ کوئی کوتاہی نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :