پالتو بلی معصوم بچے کی جان بچا کر ہیرو بن گئی

بلی کی معصوم بچے کو سیڑھیوں سے گرنے سے بچانے کی ویڈیو وائرل

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 9 نومبر 2019 06:45

پالتو بلی معصوم بچے کی جان بچا کر ہیرو بن گئی
نیٹ نیوز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2019ء) جیسے انسان جانوروں سے لگاﺅ رکھتے ہیں ویسے ہی جانور بھی انسانوں سے لگاﺅ رکھتے ہیں۔بلی اور کتا پالتو جانوروں میں شمار ہوتے ہیں اور دنیا بھر میں لوگ انہیں اپنے بیڈ روم میں بھی جگہ دیتے ہیں۔نہ صرف شوق کی عادت تک ان جانوروں کو پالا جاتا ہے بلکہ انہیں باقاعدہ تربیت بھی دی جاتی ہے جس کے بعد سیکیورٹی سسٹم کے علاوہ دیگر کام کاج بھی یہ جانور آسانی سے انجام دیتے ہیں۔

ایک گھریلو پالتو بلی کی انسان دوستی اس وقت دیکھنے میں آئی جب اس نے ایک شیر خوار کو سیڑھیوں سے گرنے سے بچا لیا یوں ایک پالتو بلی پل بھر میں ہیرو بن گئی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔کولمبیا سے ایک خبر آئی ہے جہاں بلی نے شیر خوار بچے کو سیڑھیوں سے گرنے سے بچا لیا، یہ ویڈیو ہر طرف وائرل ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈیلی میل کے مطابق یہ واقعہ کولمبیا میں پیش آیا جہاں بلی کو چھوٹے بچے کو سیڑھیوں سے گرنے سے بچا کر ہیرو کا لقب دے دیا گیا ہے۔

 

بوگوٹا اپارٹمنٹ کی سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی اور ایک چھوٹا بچہ صوفے پر بیٹھے تھے کہ اچانک بچے نے صوفے سے اتر کرگھٹنوں کے بل چلنا شروع کردیا اور وہ سیڑھیوں کے قریب پہنچ گیا۔ بلی نے جب بچے کو زینے کے قریب جاتے دیکھا تو وہ تیزی سے بچے کے پاس گئی اور اس کو سیڑھیوں سے پیچھے دھکیل دیا جس کی وجہ سے بچہ بڑے حادثے سے بچ گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی نے بچے کے سر پر پنجے بھی مارے۔ جس کے بعد بچہ سیڑھیوں سے پیچھے ہوا اورسیڑھیوں سے واپس چلا گیا۔ 27 سالہ ڈیانا لورینا نے جب سیکیورٹی کیمرہ چیک کیا تو دیکھا کہ ان کا ایک سالہ بچہ سامیول بالکل سیڑھیوں کے قریب تھاجسے بلی نے کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔ ڈیانا لورینا کا کہنا ہے کہ انہیں اب اپنی بلی پر فخر ہے کیونکہ اس نے بچے کی زندگی کو محفوظ بنایا۔

متعلقہ عنوان :