حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے نظر انداز ہونیوالے ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے پالیسی مرتب کرے ' کارپٹ ایسوسی ایشن

عالمی نمائشوں میں شرکت اور وفود کی سطح پر تبادلوں کیلئے ہر طرح کی معاونت فراہم کی جائے ' چیئرمین محمد اسلم طاہر کی زیر صدارت اجلاس

ہفتہ 9 نومبر 2019 12:30

حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے نظر انداز ہونیوالے ممالک کی مارکیٹوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے چین کی جانب سے آزادانہ تجارتی معاہدے کو قبل از وقت فعال کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس کے ساتھ نظر انداز ہونے والے ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے بھی پالیسی مرتب کرے ، لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں سے مکمل رابطے میں ہیں ،حکومت عالمی نمائشوں میں شرکت اور وفود کی سطح پر تبادلوں کیلئے ہر طرح کی معاونت فراہم کرے۔

ان خیالات کااظہار چیئرمین محمد اسلم طاہر نے مرکزی دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، محمد اکبر ملک، میجر (ر) اختر نذیر سمیت کارپٹ مینو فیکچررزبھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد اسلم طاہر نے کہا کہ یقینی طو رپر چین کے ساتھ دوسرے آزادانہ تجارتی معاہدے کیلئے مرتب کردہ فہرست میں پاکستان کو فائدہ ہوگا تاہم اس کے بارے میں سیمینارز کا اہتمام کیا جانا چاہیے تاکہ مینو فیکچررز اور برآمدکنندگان کو اس کی آگاہی حاصل ہو سکے۔انہوںنے کہا کہ بہت سے ایسے ممالک ہیں جن کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل نہیں کی جاسکی اور اگر اس حوالے سے مربوط پالیسی مرتب کی جائے تو ہماری برآمدات عروج حاصل کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے عالمی نمائشوں میں شرکت اور وفود کی سطح پر تبادلے ناگزیر ہیںاور اس طرح کے اقدامات حکومت کی معاونت کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت نمائشوں میں شرکت کیلئے سبسڈی کی شرح کے فارمولے پر نظر ثانی کرے تاکہ کارپٹ انڈسٹری کے لوگ ان نمائشوں میں شریک ہو کر اپنی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :