اربن ٹرانسپورٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی، حافظ حفیظ الرحمن

بدھ 13 نومبر 2019 13:14

اربن ٹرانسپورٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، بہترین سفری سہولیات ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ اربن ٹرانسپورٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس منصوبے کے تحت خصوصی افراد، بزرگوں اور خواتین کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اربن ٹرانسپورٹ کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دی جاچکی ہے۔

مارچ تک اربن ٹرانسپورٹ منصوبے کو ہر صورت عملی جامعہ پہنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ اربن ٹرانسپورٹ کیلئے درکار جدید بسوں کی خریداری کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ روایتی ٹرانسپورٹ کے نظام کے بجائے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم میں ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت شہر میں اربن ٹرانسپورٹ اور ٹریفک انجینئرنگ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ اربن ٹرانسپورٹ اور ٹریفک انجینئرنگ کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ گلگت شہر کیلئے ٹریفک انجینئرنگ انتہائی اہم منصوبہ ہے اس منصوبے میں مزید تاخیر سے اجتناب کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کیا جائے گا اور ٹریفک وارڈنز کیلئے موٹر سائیکل خریدے جائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کئے ہیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جاسکے۔ گلگت بلتستان واحد صوبہ ہے جہاں ترقیاتی کام ہورہاہے۔ تعمیر و ترقی کے اس سفر کو آگے بڑھایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ اربن ٹرانسپورٹ کو کمپنی موڈ پر چلایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی ہے کہ گلگت میں بلاک اور ٹف ٹائل بنانے والے تمام صنعتوں کو این او سی کا وصول لازمی قرار دیا جائے۔

عوام کو فروخت کئے جانے والے ٹف ٹائل اور بلاک کے معیار کو محکمہ تعمیرات کے لیبارٹری سے چیک کرایاجائے۔ غیر معیاری ٹف ٹائل اور بلاک تیار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی ہے کہ حکومت نے عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کئے ہیں جن کی مینٹی ننس کیلئے فنڈز فراہم کئے جاچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مختلف فلٹریشن پلانٹس کا دورہ کریں اور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں۔