پاکستا ن میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

بدھ 11 دسمبر 2019 19:52

پاکستا ن میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایک دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پر امن اور خوشحال پاکستان کے حقیقی تشخص کی عکاسی ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان بدترین دہشتگردی کا شکار رہا ہے جس سے ملک کا امن و استحکام بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم حکومت کی انسداد دہشتگردی کی جامع حکمت عملی ،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد سے اس ناسور خاتمہ ممکن ہوا ہے ۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے دونوں کرکٹ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس اٴْمید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین حالیہ کرکٹ سیریز سے پاکستانی شائقین کو ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اس کرکٹ سیریز کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر ٹیمیں بھی اس کی تقلید کریں گی اور پاکستان میں کرکٹ کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔