حج اخراجات میں اضافہ، ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہو گا،شاہ عبد الحق قادری

جمعہ 24 جنوری 2020 23:50

حج اخراجات میں اضافہ، ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہو گا،شاہ عبد الحق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کرا چی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ سید عبد القادر شیرازی،علامہ کامران قادری ،مولانا الطاف قادری ،علامہ ناصر خان ترابی،سید رفیق شاہ،،مفتی بلال متینی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فریضہ حج مزید مہنگا کر نا متوسط عازمین کے ساتھ زیادتی ہو گی ۔

مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے مکہ مدینہ جانا اورحج جیسی عبادت کا فریضہ بھی مشکل کر دیا ۔مسلسل حج اخراجات میں اضافہ کیا جا رہا ہے ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہو گا۔ حکمرانوں کو اسلامی معاشرے کی حج سے وابستگی اور حساسیت کا اندازہ ہونا ضروری ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سرمایہ داروں کی ٹیکسٹائل ملوں،انڈسٹریل فیکٹریوں ،کمپنیوں پر سبسڈی اور بھاری قرضے معاف کر دیئے جاتے ہیں لیکن عازمین حج کیلئے حکومت کے پاس پیسہ نہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے یہ کہناکہ استطاعت نہیں تو حج نہ کرو ،کیا استطاعت کی شرط کا یہ مطلب نہیں کہ جتنے چاہیںاخراجات بڑھا دیے جائیں۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حج ایک عبادت ہے آئین پاکستان کی رو سے حکومت پابند ہے کہ لوگوں کو اس حوالے سے سہولیات فراہم کرے ،حج کے نام پر کمایا کھایا تو بہت جاتا ہے ،مہینوں پہلے حج درخواستوں کے پیسے وصول کر لئے جاتے ہیں ایسی بھی اطلاع ہے پیسہ بینکوں میں رکھ کر منافع حاصل کیاجاتا ہے۔