دُبئی میں مقیم غیر مُلکی باکسر کا ایک ہی وار ساتھی کی جان لے گیا

ایک ہی کمپنی میں ملازم باکسر اور اس کے ساتھی کے درمیان معمولی سی تلخ کلامی ہوئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 جنوری 2020 15:38

دُبئی میں مقیم غیر مُلکی باکسر کا ایک ہی وار ساتھی کی جان لے گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2020ء) دُبئی میں مقیم ایک شوقیہ باکسر نے اپنے ہم وطن کو معمولی تلخ کلامی پر مُکا رسید کر کے مار ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جبلِ علی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں پیش آیا۔ جہاں میکسیکن باکسر اپنی کمپنی کے دیگر ہم وطن ملازمین کے ساتھ شراب سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ اچانک اُس کی اپنے پاس بیٹھے ساتھی سے کسی بات پر معمولی تکرار ہوئی، جو اس قدر تلخی میں بدلی کہ میکسیکن باکسر نے اپنے ساتھی کو زوردار مُکا دے مارا۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک میکسیکن ٹیکنیشن نے بتایا کہ قاتل اور مقتول میں اس بات پر بحث چھڑ گئی تھی کہ دونوں میں سے باکسنگ اور اپنے کام میں مہارت کے لحاظ سے کون زیادہ قابلیت رکھتا ہے۔ اچانک دونوں لڑ پڑے، میں نے اُن میں بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی مگر وہ باز نہ آئے۔

(جاری ہے)

اُن کے بگڑے تیور دیکھ کر میں کمرے سے باہر نکل گیا۔ بعد میں ملزم اُس کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹا کر بتانے لگا کہ اُس نے ساتھی ملازم کو مُکا مار دِیا ہے جس کی حالت خراب لگ رہی ہے۔

جب کمرے میں جا کر چیک کیا گیا تو ساتھی ملازم بے ہوش پڑا تھا اور اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ موقعے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر پولیس اور ایمبولینس بُلائی گئی۔بے ہوش ملازم کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے نے اُس کی موت کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق مقتول کی موت برین ہیمرج کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اُس کا اپنے ساتھی ملازم سے جھگڑا ہوا تھا، جو اُس پر حملہ آور ہو گیا تھا، اُس نے تو محض اپنے دفاع میں اُس پر مُکا برسایا تھا۔ اُس کا اپنے ساتھی کو مارنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر اپنے ساتھی کو ہلاک کرنے اور بغیر لائسنس شراب پینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 27 جنوری 2020ء کو ہو گی۔