ایف الیون بیکاں سیداں کے 92 متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم

کمیشن نے جن متاثرین کی تصدیق کی ان کے تو پیسے دیں ۔سپریم کورٹ

منگل 28 جنوری 2020 20:38

ایف الیون بیکاں سیداں کے 92 متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2020ء) سپریم کورٹ نے ایف الیون بیکاں سیداں کے 92 متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ عدالت عظمی میں بیکاں سیداں کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ دوران سماعت متاثرین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ 2009 سے عدالت میں چل رہا ہے ۔

(جاری ہے)

نیب نے اس معاملہ پر 6 مختلف ریفرنسز دائر کر کے سی ڈی اے کے 25 افسران کو بھی گرفتار کیا ۔ ہائی کورٹ نے معاملہ پر کمیشن تشکیل دیا جس نے 92 متاثرین کے کلیم کی تصدیق کی ۔ سی ڈی اے وہ کلیم بھی ادا نہیں کر رہا ۔ وکلی سی ڈی اے نے اس موقع پر موقف اپنایا کہ کمیشن نے تمام متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کی سفارش نہیں کی ۔ کمیشن نے 505 متاثرین میں سے 92 متاثرین کے کلیمز کی تصدیق کی ۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس موقع پر کہاکہ کمیشن نے جن متاثرین کی تصدیق کی ان کے تو پیسے دیں ۔ عدالت نے معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث سی ڈی اے کی درخواست خارج کرنے پر معاملہ نمٹا دیا ہے ۔ ۔