احسان اللہ احسان کہاں ہے؟ بلاول بھٹو نے حکومت سے تحریری وضاحت مانگ لی

muhammad ali محمد علی پیر فروری 21:30

احسان اللہ احسان کہاں ہے؟ بلاول بھٹو نے حکومت سے تحریری وضاحت مانگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری2020ء) ذرائع سے موصول ہونے والی خبر کے مطابق احسان اللہ احسان کے معاملے پر بلاول بھٹو نے تحریری طور پر حکومت سے جواب مانگ لیا، بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں اپنے تحریری سوالات جمع کرادئیے ہیں جن میں انہوں نے وزیر داخلہ کو مخاطب کرکے احسان اللہ احسان سے متعلق جواب مانگے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے 12 فروری کو اپنے سوال قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے جبکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بلاول بھٹو کے تحریری سوالات کے وصول ہونے کی تصدیق بھی کی، ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے تین تحریری سوال کئے، انہوں نے حکومت کو اپنے تحریری سوالنامے میں لکھا کہ بتایا جائے کہ طالبان کا ترجمان احسان اللہ احسان کیا زیرحراست ہے؟ ذرائع کے مطابق دوسرا سوال یہ ہے کہ اگر احسان اللہ احسان زیرحراست نہیں تو کیا اس کے فرار کی خبریں درست ہیں؟ اپنے تیسرے سوال میں بلاول بھٹو نے حکومت سے احسان اللہ احسان کا موجودہ اسٹیٹس دریافت کیا ہے۔