ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر ہر مسافر کا درجہ حرارت چیک کیا جاتا ہے اور تمام ہوائی اڈوں پر اس حوالے سے آلات موجود ہیں‘ ، پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد

بدھ 11 مارچ 2020 13:33

ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر حفظ ماتقدم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2020ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر ہر مسافر کا درجہ حرارت چیک کیا جاتا ہے اور تمام ہوائی اڈوں پر اس حوالے سے آلات موجود ہیں‘ وزارت صحت اس معاملے کی مکمل طور پر نگرانی بھی کر رہی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کرونا وائرس اور غیر معیاری ادویات کے حوالے سے ڈاکٹر مہرین رزاژ بھٹو کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ کرونا وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ہوائی اڈوں پر صرف ٹمپریچر چیک کیا جاتا ہے۔

پوری دنیا میں یہی واحد سکریننگ کی جاتی ہے۔ بخار کسی اور وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کرونا وائرس والے ممالک سے آنے والے مسافروں کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔ ہماری ٹیمیں ایسے لوگوں کے گھروں میں جاکر بھی چیکنگ کرتی ہیں۔ جن لوگوں میں علامات پائی جاتی ہیں ان کا مکمل خیال رکھا جارہا ہے۔ نواب محمد یوسف تالپور نے کہا کہ جن ممالک میں کرونا وائرس زیادہ پایا جارہا ہے وہاں سے آنے والی پروازوں کو بند کردینا چاہیے۔ ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ ہمیں حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں۔ چین اور اٹلی کے مکمل شہر اور صوبے سیل کر دیئے ہیں۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ میں خود بھی ایئرپورٹس کا دورہ کرتی ہوں۔ تمام ہوائی اڈوں پر تمام آلات موجود ہیں۔