اسلام آباد میں پتنگیں تیار کرنے، اڑانے اور فروحت پر 2 ماہ کیلئے پابندی عائد

جمعہ 3 جولائی 2020 15:35

اسلام آباد میں پتنگیں تیار کرنے، اڑانے اور فروحت پر 2 ماہ کیلئے پابندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پتنگیں تیار کرنے، اڑانے اور فروحت پر 2 ماہ کیلئے فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالہ سے انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی خطرناک ڈور اسلام آباد کے عام لوگوں کی جان اور حفاظت کو خطرے میں ڈالتی ہے۔

حمزہ شفقات ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے دفعہ 144 سی آر پی سی 1898ء کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد کی علاقائی حدود کے اندر پتنگیں تیار کرنے، پتنگ بازی، دھاتی اور نائیلون ڈور کی تیاری اور فروخت ممنوع قرار دی ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ گھر، دکانیں، ہسپتال، عمارت وغیرہ کے مالکان/مکین اپنے چھتوں پر پتنگ بازی کی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں بالخصوص بچوں کی زندگی کو پتنگ بازی سے لاحق خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھاتی یا نائیلون کی ڈور سے گلا کٹ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ بچے، نابالغ اور نوعمر افراد جو کٹی ہوئی پتنگیں لوٹنے کیلئے بھاگتے ہیں تو سڑک پر حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح لوگوں کی زندگیوں کو سخت خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پابندی کے نفاذ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پتنگوں اور ان سے متعلقہ دیگر اشیا کی تیاری اور فروخت کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے مارکیٹوں اور دکانوں کی تلاشی لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :