تھائی لینڈ بحریہ نے رواں سال 5 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ تیل ضبط کیا

ہفتہ 11 جولائی 2020 14:06

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) تھائی لینڈ کی بحریہ نے رواں سال ماہی گیر کشتیوں سے تقریباً 500,000 لیٹر سمگل تیل ضبط کیا ہے۔ تھائی ذرائع ابلاغ کے مطابق تھائی میریٹائم انفورسمنٹ کمانڈ سنٹر ایریا کمانڈر وائس ایڈمرل ستھینن سمرانک نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ تھائی بحریہ کی گشت پر موجود کشتیوں نے گزشتہ روز کئی ٹرالروں سے اسمگل شدہ ڈیزل پکڑا تھا۔

(جاری ہے)

اس سمگلڈ ڈیزل کو خلیج کے اوپری حصے میں کوہ خرم جزیرے کے قریب ماہی گیر کی کشتی سے پکڑا جس میں 50,000 لیٹر ڈیزل شامل تھا۔ کانوکوان 17 نامی ٹرالر میں سوار چار تھائی اور دو میانمار شہریوں سمیت چھ ماہی گیروں کو تیل کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سمگلر غیر قانونی تیل کو آئل ٹینکروں کے ذریعے بلیک مارکیٹ میں انتہائی کم قیمت پر فروخت کرتے تھے۔ ایڈمرل کے مطابق بحریہ کے ذریعہ روزانہ گشت کرنے کے باوجود کچھ سمندری تیل سمگلر گرفتاریوں سے بچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔