ایمریٹس اور فلائی دُبئی کے بعد اتحاد ایئر نے بھی مسافروں کو اچھی خبر سُنا دی

اتحاد ایئر پر سفر کرنے والے افراد کے کورونا کا شکار ہونے پر ان کے تمام اخراجات برداشت کیے جائیں گے، قرنطینہ کا تمام خرچہ بھی ایئر لائن کی ذمہ داری ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 ستمبر 2020 17:46

ایمریٹس اور فلائی دُبئی کے بعد اتحاد ایئر نے بھی مسافروں کو اچھی خبر ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 ستمبر2020ء) ایمریٹس ایئر لائنز اور فلائی دُبئی کی جانب سے اپنے تمام مسافروں کو یہ خوش خبری سُنائی گئی تھی کہ وہ اپنے تمام مسافروں کو کورونا کا شکار ہونے پر ان کا علاج مفت کروائے گی اور ان کے 14 روز کے قرنطینہ کے اخراجات بھی برداشت کیے جائیں گے۔ان کے بعد اب اتحاد ایئر نے بھی مسافروں کے لیے کورونا ہیلتھ انشورنس سکیم کا اعلان کر دیا ہے۔

اتحاد کی جانب بھی اعلان کیا گیا ہے کہ وہ دُنیا بھر کے تمام مسافروں کو کورونا سے متعلق انشورنس کی سہولت دے رہی ہے۔اتحاد ایئر کے مطابق اس اقدام کا مقصد لوگوں کو کورونا کے خوف سے نکالنا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ اتحاد کی پروازوں کے ذریعے سفر کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اتحاد ایئر نے اعلان کیا ہے کہ8 ستمبر سے 31 دسمبر 2020ء کے درمیان اس کی تمام پروازوں کے ذریعے سفر کرنے والوں کوکورونا انشورنس کی سہولت حاصل ہو گی۔

(جاری ہے)

اگرکسی مسافر میں پرواز کے بعد اگلے 31 روز کے اندر اندر کورونا کی تشخیص ہو جاتی ہے تو ایسی صورت میں اس کے علاج کے تمام اخراجات ایئر لائن اُٹھائے گی ۔اسی طرح اگر کسی مسافر کو قرنطینہ میں جانا پڑتا ہے تو ایئر لائن کی جانب سے 14 روز کے قرنطینہ کے اخراجات بھی اتحاد ایئر برداشت کرے گی۔جو لوگ پہلے بھی ریزرویشن کراچکے ہیں تو ان کا نام اس سکیم میں خودکار نظام کے تحت شامل ہوجائے گا۔

مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت ہیلتھ انشورنس کی دستاویز بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت دُنیا بھر کے ان تمام باشندوں کو حاصل ہو گی جو اتحاد کی پرواز سے سفر کریں گے۔ اتحاد ایئر کے فرسٹ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی صحت کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے۔ اسی وجہ سے کورونا کی وبا کے دوران یہ سہولت اکسا کمپنی کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے۔ اس شاندار اعلان سے زیادہ سے زیادہ لوگ اتحاد ایئر سے سفر کرنے کے لیے تیار ہوں گے اور ان کا اپنی صحت و سلامتی کے حوالے سے بھی اطمینان برقرار رہے گا۔