صرف جیتنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، زمبابوین کپتان

پاکستان کی قومی ٹیم بہت اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے ،زمبابوے صرف جیتنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے گی،ایلٹن چگمبورا کی گفتگو

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) زمبابوے کے آل رائونڈر ایلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ 2015 میں جب زمبابوے ٹیم کے ساتھ آیا تھا تو ڈر لگ رہا تھا لیکن اب بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں،پاکستان کی قومی ٹیم بہت اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے ،زمبابوے صرف جیتنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زمبابوے کے آل رائونڈر ایلٹن چگمبورا نے کہا کہ دورہ پاکستان میں زمبابوے کے لیے ہر میچ جیتنا ضروری ہے جس سے اگلے ورلڈکپ میں براہِ راست رسائی حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل پاکستان آنے سے ڈر لگ رہا تھا لیکن اب بالکل معمول کے مطابق محسوس کر رہا ہوں۔ موسم کے حوالے سے ایلٹن چگمبورا نے کہاکہ پاکستان اور زمبابوے کا موسم بالکل ایک جیسا ہے جس کے باعث کوئی مشکل پیش نہیں آ رہی ،قومی ٹیم کے ساتھ ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کی غیرموجودگی کے حوالے سے ایلٹن چگمبورا نے کہا کہ اسسٹنٹ کوچ کی موجودگی میں ہیڈ کوچ کی کوئی کمی محسوس نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے سے قبل چھ دن بھرپور ٹریننگ کریں گے۔ زمبابوے کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں اور سیریز میں ہر میچ جیتنے کی نیت سے میدان میں اتریں گے۔

متعلقہ عنوان :