لاہور ہائی کورٹ نے مال روڈپرجلسوں پر پابندی کیلئے محکمہ قانون پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی

پیر 9 نومبر 2020 21:39

ًلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2020ء) لاہورہائیکورٹ نے مال روڈ پر جلسے جلوسوں پر پابندی کے لئے دائر درخواست پر محکمہ قانون پنجاب سے قانون سازی کی بابت رپورٹ طلب کر لی۔پیر کے روزلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے مال روڈ ٹریڈرز کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواستگزار مال روڈ ٹریڈرز کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود مال روڈ کے لئے ریڈ زون ایکٹ نہیں بنایا گیا اور تاحال جلسے جلوس نکالے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گذار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ شہریوں کے جان اور مال کی حفاظت حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، اس لیے حکومت کو ریڈ زون ایکٹ بنانے کا حکم دیا جائے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مال روڈ پر جلسے جلوسوں پر پابندی کے حوالے سے موثر ایکٹ کو عملی شکل دی جارہی ہے ،اس کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ مہلت دی جائے جس پر عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔