سعودی عرب،خواتین کا دوسرا گالف ٹورنامنٹ بھی ڈینش گالفر نے جیت لیا

ایملی کرسٹائن پڈرسن نے اس سے قبل ہونے والے سعودی عرب کے پہلے گالف ٹورنمانٹ کو بھی جیتا تھا

منگل 24 نومبر 2020 17:10

سعودی عرب،خواتین کا دوسرا گالف ٹورنامنٹ بھی ڈینش گالفر نے جیت لیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) ملک سعودی عرب میں ایک ہی مہینے میں ہونے والا دوسرا خواتین کا گالف ٹورنامنٹ بھی یورپی ملک ڈنمارک کی 24 سالہ گالفر ایملی کرسٹائن پڈرسن نے جیت لیا۔ایملی کرسٹائن پڈرسن نے اس سے قبل ہونے والے سعودی عرب کے پہلے گالف ٹورنمانٹ کو بھی جیتا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایملی کرسٹائن پڈرسن نے 17 سے نومبر 19 نومبر تک جاری رہنے والا دوسرا گالف ٹورنامنٹ بھی اپنے نام کیا۔

24 سالہ گالفر نے دوسرے ٹورنامنٹ میں نہ صرف تنہا کھیلے جانے والے کھیل میں فتح حاصل کی بلکہ انہوں نے ٹیم کی صورت میں کھیلے جانے والا مقابلہ بھی جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔اس سے قبل 12 سے 15 نومبر تک ہی سعودی عرب میں ہونے والے پہلے گالف ٹورنامنٹ میں بھی ایملی کرسٹائن پڈرسن نے فتح حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹورنامنٹس میں فاتحین کو مجموعی طور پر 15 لاکھ کی رقم دی گئی، جس میں سے زیادہ تر رقم 24 سالہ ایملی کرسٹائن پڈرسن نے جیتی۔

انہیں مجموعی طور پر جیت کے 2 انعامات تنہا دیے گئے جب کہ انہیں جیت کا ایک انعام اسکاٹ لینڈ اور جنوبی افریقین گالفرز کے ساتھ دیا گیا۔یہ پہلا موقع تھا کہ سعودی عرب نے خواتین کے کسی بھی اسپورٹس فیسٹیول کی میزبانی کی تھی۔دونوں گالف ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کو مختصر لباس پہننے کی اجازت نہیں تھی اور تمام خواتین کھلاڑیوں نے مکمل پینٹ کے ساتھ ٹی شرٹ پہنی۔اسی طرح شائقین پر بھی مختصر لباس پہننے کی پابندی تھی، البتہ کسی بھی خاتون کو حجاب یا برقع پہننے یا نہ پہننے کا حق حاصل تھا اور زیادہ تر خواتین حجاب کے بغیر ہی ٹورنامنٹ میں شریک ہوئیں۔سعودی عرب میں خواتین کے دونوں کامیاب گالف ٹورنامنٹس پر دنیا بھر میں اسلامی ملک کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔