لنکا پریمیئر لیگ 2020‘ جافنا سٹالینز نے ڈمبولا وائیکنگز کو شکست دے دی‘ تھیسارا پریرا مین آف دی میچ

پیر 30 نومبر 2020 20:00

لنکا پریمیئر لیگ 2020‘ جافنا سٹالینز نے ڈمبولا وائیکنگز کو شکست دے دی‘ ..
ہمبنٹوٹا۔30نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30نومبر2020ء) :لنکا پریمیئر لیگ 2020کے 5 ویں میچ میں جافنا سٹالینز نے ڈمبولا وائیکنگز کو 66 رنز سے شکست دے دی‘ تھیسارا پریرا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو مہنداراجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایل پی ایل کے پانچویں میچ میں ڈمبولا وائیکنگز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جافنا سٹالینز کے ابتدائی بلے باز ناکام ثابت ہوئے‘ ان کے 36کے سکور پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس کے بعد کپتان تھیسارا پریرا نے ٹیم کی بیٹنگ کو سنبھالا دیا۔ انہوں نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جافنا سٹالینز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ڈمبولا کی طرف سے سمت پٹیل 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولر رہے۔ 219 رنز کے تعاقب میں ڈمبولا کی پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان داسن شناکا35 رنز اور سمت پٹیل 41 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ جافنا سٹالینز کے عثمان شنواری کامیاب ترین بولر رہے انہوں نے 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فرنینڈو اور کپتان تھسارا پریرا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جافنا سٹالینز نے ڈمبولا کو 66 رنز سے شکست دے کر لنکا پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ جافنا کے کپتان تھیسارا پریرا کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑیوں کا ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :