نیب کو تسلیم ہی نہیں کرتے، اس کے نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، مولانا فضل الرحمان

نیب کے نوٹس کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ، ایسے نفسیاتی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ، انشاء اللہ منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے، بیان

بدھ 2 دسمبر 2020 13:39

نیب کو تسلیم ہی نہیں کرتے، اس کے نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، مولانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) جمعیت علمائے اسلام ( ف) اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ جب ہم نیب جیسے احتسابی ادارے کو تسلیم ہی نہیں کرتے تو اس کے نوٹس کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم تو ایسے احتسابی ادارے کو تسلیم ہی نہیں کرتے کیونکہ یہ تو خود رشوت کدہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پارٹی کارکنوں اور قریبی رفقاء کو نیب کے نوٹس کردار کشی کی روایتی مہم ہے، نیب کے نوٹس کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ہے، ایسے نفسیاتی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں، انشاء اللہ منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے۔سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوری آزادیوں کا تحفظ کرنا سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے اور دنیا کی کوئی قوت ہمیں اس مشن سے روک نہیں سکتی۔