متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ 2 ہزار سے زائد یومیہ کرونا کیسز رپورٹ

ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امارات میں 2067 کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں

muhammad ali محمد علی بدھ 6 جنوری 2021 23:53

متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ 2 ہزار سے زائد یومیہ کرونا کیسز رپورٹ
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ 2 ہزار سے زائد یومیہ کرونا کیسز رپورٹ۔ خلیجی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ امارات میں ایک سال قبل 29 جنوری کو پہلا کرونا کیس رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد بدھ کے روز پہلی مرتبہ ملک میں 2 ہزار سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہوئے۔

اماراتی وزارت صحت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امارات میں 2067 کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔ جبکہ 2 ہزار 199 مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔ امارات میں اب تک 689 افراد کرونا کے باعچ جاں بحق ہو چکے، جبکہ کل 2 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد مہلک وبا سے متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اب تک 1 لاکھ 95 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے، جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہے۔

متحدہ عرب امارات میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے۔ جبکہ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایک ہفتہ قبل کرونا وائرس کی نئی قسم کا پہلا کیس بھی رپورٹ ہوا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں سے بعض میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کی تشخیص ہوئی۔ اماراتی حکومت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹرعمر عبدالرحمان الحمادی نے ایک بیان میں ان نئے کیسوں کی تصدیق کی ۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے ظہور کے بعد شعبہ صحت نے مسلسل تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہے۔ اب یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ملک میں محدود تعداد میں نئے قسم کے وائرس کے متاثرہ افراد موجود ہیں اور وہ بیرون ملک سے اس نئی قسم سے متاثر ہوئے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم کرونا وائرس سے بچائو کے لیے تمام احتیاطی تدابیر کی پاسداری جاری رکھیں گے تاکہ ہر کسی کی صحت وسلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا ویکسین لگائے جانے کا عمل تیز کردیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں روزانہ 47 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے اور حکومت مارچ تک آدھی آبادی کو ویکسین لگا لینے کیلئے پرعزم ہے۔ اماراتی حکومت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے تمام شہری اور رہائشی ویکسین مفت وصول کرسکتے ہیں۔