شہر کے پارکوںکو قدرتی گرین بنانے ،گرد و نواح میں عوام الناس کو معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،ملک عابد حسین

پارکوںسے متصل جگہوں پرکھانے پینے کی معیاری اور سستی اشیاء کے آئوٹ لیٹس قائم کرنے سے عوام الناس کو محفوظ اشیائے خوردونوش کی دستیابی میں آسانی ،روزگار کے متعدد مواقع بھی پیدا ہونگے،وائس چیئر مین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی

اتوار 17 جنوری 2021 17:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2021ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے وائس چئیرمین ملک عابدحسین نے کہا ہے کہ شہر کے پارکوںکو قدرتی گرین بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے گرد و نواح میں عوام الناس کو معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیگی تاکہ لوگوں کا اندرونی جسمانی ماحول بھی خوبصورت ہو جس کے نتیجے میں صحت عامہ میں بہتری آئیگی ․ انہوں نے یہ بات شمس آباد مری روڈ پر علامہ اقبال پارک سے متصل جگہ پر معروف فوڈ چین میکڈونلڈ کا آئوٹ قائم کرنے کیلئے جگہ کا معائینہ کرتے ہوئے کہی ․ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضااور فوڈ چین کے نمائندے بھی موجود تھے ․ ملک عابد حسین نے کہا کہ پارکوںسے متصل جگہوں پرکھانے پینے کی معیاری اور سستی اشیاء کے آئوٹ لیٹس قائم کرنے سے جہاں عوام الناس کو محفوظ اشیائے خوردونوش کی دستیابی میں آسانی پیدا ہوگی وہیں بے روزگار لوگوں کیلئے روزگار کے متعدد مواقع بھی پیدا ہونگے ․ اس موقع پر انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا کے ہمراہ پارک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور متعلقہ سٹاف سے کہا کہ وہ پوری محنت ، تندہی اور خلوص نیت کے ساتھ کام کرتے ہوئے پارک کو صحیح معنوں میں قدرتی گرین بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ․ انہوں نے پارک میں قائم نرسری کا بھی دورہ کیا اور وہاں پھولوں اور پودوں کی پیدائش کے حوالے سے متعلقہ سٹاف سے بریفنگ لی ․ انہوں نے کہا کہ ان نرسریوں میں زیادہ سے زیادہ پودوں کی پنیری لگا ئی جائے تاکہ یہ پودے پارکوں کے اندر اور گرین بیلٹس پر لگا کر ماحول کو سرسبز و شاداب بنایا جائے ․ دریں انثاء ملک عابد حسین نے ہارون ہاشمی کو واسا کا وائس چئیرمین بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری سے واسا کی کارکردگی میں مزید بہتری آئیگی ․

متعلقہ عنوان :