کوئٹہ، ٹیکنیکل ایجوکیشن سے بیروزگاری کاخاتمہ ممکن ہے،جنرل ایجوکیشن کے بعد ٹیکنیکل ایجوکیشن پر توجہ وقت کا تقاضہ ہے،سائرہ عطا ء

جمعرات 25 مارچ 2021 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2021ء) جرمنی کے قونصل جنرل ہولگر زیگلراور سیکرٹری محنت و افرادی قوت سائرہ عطا نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن سے بیروزگاری کاخاتمہ ممکن ہے،جنرل ایجوکیشن کے بعد ٹیکنیکل ایجوکیشن پر توجہ وقت کا تقاضہ ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ویمن ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر سمنگلی روڈ کوئٹہ میں کیئریئر کونسلنگ اینڈ جاب پلیسمنٹ سنٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر افرادی قوت و تربیت منظور احمد شاہوانی ‘ پرنسپل ویمن ٹی ٹی سی کوئٹہ محترمہ شبنم ناز ‘ اے پی ایس عمران احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک و ملت کا مستقبل ہوتے ہیں، جو دماغی و جسمانی لحاظ سے زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمت ،جذبہ، ذہانت، قوت ودیگر صلاحیتیں ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوتی ہیں۔

ا?ج کے سائنسی و ترقی یافتہ دور میں ان ممالک کی معیشت پروان چڑھی ہے، جنہوں نے ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی۔ اسی لیے ماہرین ،فنی تعلیم کو کسی بھی ملک کے معاشی استحکام کا ضامن قرار دیتے ہیں۔ہماریملک کے لاکھوں افراد دوسرے ممالک میں ملازمتیں کررہے ہیں، یہ نوجوان زیادہ تر فنی تعلیم کے کم مدت دورانیے کے کورس کرکے بیرون ممالک خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

بلاشبہ جن ممالک نے فنی تعلیم کو اپنی عمومی تعلیم کا حصہ بناکر اس پر توجہ دی وہاں معاشی ترقی کی رفتار زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیئریئر کونسلنگ اینڈ جاب پلیسمنٹ سنٹر مثبت پیشرفت ہے یہ سنٹر نہ صرف فارغ التحصیل ٹرینیز کی رہنمائی کریگا بلکہ مختلف شعبوں میں ان کیلئے روز گار کے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ پرنسپل ویمن ٹی ٹی سی نے انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور فنی تربیتی کورسز سے متعلق بریفنگ دی۔