گلوکارہ کومل رضوی نے شوہر کے ناروا سلوک پر خاموشی توڑتے ہوئے دکھ بھری داستان بیان کردی

اتوار 18 اپریل 2021 11:15

گلوکارہ کومل رضوی نے شوہر کے ناروا سلوک پر خاموشی توڑتے ہوئے دکھ بھری ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2021ء) معروف پاکستانی گلوکارہ کومل رضوی نے شوہر کے ناروا سلوک پر خاموشی توڑتے ہوئے دکھ بھری داستان بیان کردی۔گلوکارہ کومل رضوی نے این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ جس میں انہوں نے اپنی ناکام ازدواجی زندگی سے متعلق انکشافات کیے۔گلوکارہ کومل رضوی نے بتایا کہ وہ شادی کے بعد جب عمان میں موجود تھیں تو انہیں شوہر کے ناروا سلوک کی وجہ سے کئی مرتبہ بھوکا سونا پڑا۔

کومل رضوی نے کہا کہ اگر ایک لڑکی ازدواجی زندگی میں خود کو بے یارو مددگار سمجھے تو اس کا پڑھا لکھا، مضبوط اور خود مختار ہونا معنی نہیں رکھتا۔گلوکارہ نے بتایا کہ میں نے شوہر کو چھ سال برداشت کیا، وہ ذہنی طور پر بیمار تھا اور مجھ پر ہاتھ اٹھاتا تھا، شادی شدہ زندگی کے دوران کئی ماہ بھوکی سوئی کیونکہ شوہر پیسے نہیں دیتا تھا اس وقت عمان میں رہتی تھی اور کوئی کام بھی نہیں کرتی تھی۔

(جاری ہے)

کومل رضوی نے کہا کہ میں چار سال قید رہی اس دوران کبھی ٹیوشن پڑھا کر کچھ پیسے کمائے لیکن پھر میں نے ٹھان لی کہ کچھ کرنا ہے جس کے بعد کورس کیا اورکھانا پکانا سیکھا، بعدازاں عمان کے اسٹورز میں کھانا سپلائی کیا کرتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ جب شوہر نے مجھ پر تشدد کیا تو والدین کو شک ہوگیا اور انہوں نے مجھے واپس آنے کے لیے کہنا شروع کردیا پھر ایک دن والد آئے اور مجھے پاکستان لے آئے، جب واپس آنے لگی تو ایئرپورٹ پر میں بری طرح کانپ رہی اور رو رہی تھی۔کومل رضوی نے خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ شاید پہلی لڑکی ہوں جو یہ کہہ رہی ہیں کہ لڑکیوں کے پاس تعلیم ہو یا نہ ہو لیکن ہنر کا ہونا بہت ضروری ہے۔