حکومتی وزراء و تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما و اراکین عید پر لوگوں سے عید ملنے سے گریز کریں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

ًکورونا کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور عید کے موقع پر صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہی:محمود خان

ہفتہ 8 مئی 2021 22:28

حکومتی وزراء و تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما و اراکین عید پر  لوگوں سے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2021ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عیدالفطر کے موقع پر کورونا وبا کے مزید پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی ہنماؤں اور منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے اپنے حلقوں اور حجروں میں لوگوں سے عید ملنے اور دیگر میل جول سے گریز کریں تاکہ اس مہلک وبا کے مزید پھیلاو کو روکا جاسکے اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

سیاسی رہنماؤں اور منتخب عوامی نمائندوں کے نام اپنی اپیل میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور عید کے موقع پر صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس عید کے موقع پر ہماری معمولی سی کوتاہی یا غفلت ہمیں کسی بڑی مصیبت سے دوچار کر سکتی ہے لہذا سیاسی رہنما اور منتخب عوامی نمائندے نہ صرف خود لوگوں سے عید ملنے اور دیگر عوامی میل جول سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کریں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے عوام کو آگہی دینے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا اکیلے حکومت یا کسی سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک قومی اور اجتماعی مسئلہ ہے جس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے سیاسی رہنماؤں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عید کے موقع پر اس وبا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے اور حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے سیاسی رہنماؤں اور منتخب عوامی نمائندوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے کے جملہ سیاسی قائدین اور منتخب عوامی نمائندے اس سلسلے میں بھر پور تعاون کا مظاہرہ کریں گے اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔