چین کے پہلے خلائی اسٹیشن کی تعمیرکے لیے چینی خلا باز روانہ

تینوں خلا باز پہلے چینی خلائی مرکز کی تعمیر کے لیے تین ماہ تک فضا میں قیام کریں گے،چینی حکام

جمعرات 17 جون 2021 12:38

چین کے پہلے خلائی اسٹیشن کی تعمیرکے لیے چینی خلا باز روانہ
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) چین نے ملک کے پہلے خلائی اسٹیشن پر کام کرنے کے لیے تین خلا بازوں کو مدار میں بھیج دیا ہے۔ چین کا اب تک کا یہ طویل ترین خلائی مشن ہو گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی حکام نے بتایاکہ جمعرات کی صبح جو دی لانگ مارچ 2ایف راکٹ خلا میں کامیابی کے ساتھ روانہ کردیا گیا اس میں تین چینی خلا باز سوار ہیں۔

شمال مغربی گوبائی صحرا کے جیکوان خلائی مرکزسے بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح نو بج کر 22 منٹ پر اسے لانچ کیا گیا۔ تینوں خلا باز پہلے چینی خلائی مرکز کی تعمیر کے لیے تین ماہ تک فضا میں قیام کریں گے۔ چین کا شینزو12خلائی پروگرام گیارہ مشنوں پر مشتمل ہے اور یہ اس کڑی کا تیسرا مشن ہے۔ اس میں سے چار مشن خلائی ماہرین کے عملے پر مشتمل ہیں جن پر چین کے پہلے خلائی مرکز مکمل کرنے کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

روانگی سے قبل چینی خلا بازمخصوص خلائی لباس میں ملبوس تھے جنہیں چین کے خلائی ادارے کے سربراہ اور تین دیگر فوجی افسران نے رخصت کہا۔ تینوں خلا بازوں نے خلائی ادارے کی طرف روانہ ہونے سے قبل وہاں موجود مداحوں کی بھیڑ کو دیکھ کر ان کی جانب ہاتھ ہلا یااور ان کا شکریہ ادا کیا۔جمعرات کے روز 56 سالہ نائی ہیشنگ، 54 سالہ لیو بومنگ اور 45 سالہ تانگ ہونگ بو نامی جو خلا باز روانہ ہوئے وہ تین ماہ تک’’تیان ہے‘‘کے رہائشی کوارٹر میں ہی قیام کریں گے۔

وہ وہیں اپنے قیام کے دوران تجربات اور مرمت جیسے کام کے ساتھ ہی اگلے برس شروع ہونے والے دو مزید ماڈیول کے لیے اسٹیشن تیار کریں گے۔روانگی سے ایک دن پہلے خلا باز نائی نے صحافیوں سے بات چیت میں کہاکہ عملے کے ساتھ خلائی اسٹیشن میں پہلے مرحلے کی تعمیریہ پہلی لڑائی ہو گی اور میں خوش قسمت ہوں کہ اس کی پہلی عصا میرے ہاتھ میں سونپی گئی ہے۔

خلائی اسٹیشن کی ماہیت انگریزی حرف ٹی کی شکل میں ہو گی اور خلائی ادارے کے تینوں ماڈیول کا وزن تقریبا 66 میٹرک ٹن ہو گا، جبکہ انٹرنیشنل اسپیس سینٹر کا وزن تقریبا 420 ٹن ہے۔ تاہم مستقبل میں اس میں مزید چھ ماڈیول تک کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔اس مشن کے ساتھ ہی چین کے ان خلا بازوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے جنہوں نے خلا کا سفر کیا۔ چین نے سب سے پہلے عملے پر مشتمل اپنا خلائی مشن 2003 میں لانچ کیا تھا۔ چین امریکااور سابق سویت یونین کے بعد دنیا کا ایسا تیسرا ملک ہے جو ایسا کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ یہ نیا مشن اور اس کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت خلائی سائنس میں چین کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور اس کی صلاحیت کا مظہر ہیں۔

متعلقہ عنوان :