ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی شوٹرز کروشیا میں پھنس گئے

ورلڈ کپ میں حصہ لینے آئے تھے، کل پاکستان کا سفر کرنا تھا لیکن منصوبے میں تبدیلی کے باعث یہاں پھنس گئے ہیں،حکام مدد کریں کیونکہ ہمارے ویزے آج ختم ہوجائیں گے: ٹیم منیجر رضی احمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 2 جولائی 2021 15:24

ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی شوٹرز کروشیا میں ..
زغرب (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 جولائی 2021ء ) پاکستان کی شوٹنگ ٹیم شوٹنگ ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد واپسی پر کروشیا میں پھنس گئی۔ تفصیلات کے مطابق COVID-19 پابندیوں کی وجہ سے پروازوں کے منصوبے میں اچانک تبدیلی کے بعد 4 شوٹر اور ان کے منیجر رضی احمد کروشیا میں پھنس گئے ہیں۔ رضی احمد نے میڈیا کو بتایا کہ ہم یہاں شوٹنگ ورلڈ کپ میں حصہ لینے آئے تھے، ہم نے کل پاکستان کا سفر کرنا تھا لیکن اچانک منصوبے میں تبدیلی کے باعث ہم یہاں پھنس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم منیجر نے حکام سے اپیل کی کہ وہ ان کی وطن واپسی کا بندوبست کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ویزا کی میعاد آج ختم ہوجائے گی اور اس سے ہمارے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوگا، ہم یہاں ایک مقامی ہوٹل تک ہی محدود ہیں۔ واضح رہے کہ چار میں سے تین شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر ، محمد خلیل اختر اور گلفن جوزف نے ٹوکیو اولمپکس 2020ء کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ ان کے ساتھ چوتھے شوٹر فرخ ندیم ہیں ۔ یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس 2020ء رواں مہینے 23 جولائی سے 8 اگست 2021 ء تک شیڈول ہے۔                                                                                                                                         

متعلقہ عنوان :