حیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لطیف آباد نمبر 8 کے ٹرانسفارمر حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لیئے مالی مدد کی منظوری دیدی

جمعہ 23 جولائی 2021 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) حیسکو ترجمان نے بتایا ہے کہ وزارت انرجی حکومت پاکستان کی ہدایات پر حیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لطیف آباد نمبر 8 کے ٹرانسفارمر حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لیئے مالی مدد کی منظوری دی گئی ہے، جاں بحق کے لئے فی کس 7 لاکھ 50 ہزارروپے، شدید زخمی کے لئے فی کس 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمی کو فی کس 3لاکھ روپے دینے کی منظوری دی گئی ہے، حیسکو چیف نے ٹرانسفارمر حادثے کی انکوائری کے لئے جنرل منیجر آپریشن کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو آج ہی اپنی رپورٹ جمع کروائے گی، ایس ڈی او حیسکو رضوی سب ڈویژن محمد عرفان، لائن سپرنٹنڈنٹ سلیم، 2 لائن مینوںاور لطیف آباد گرڈاسٹیشن کے SSO-I لال بخش کو بھی غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو ریحان حمید نے 22 جولائی کو ہونے والے لطیف آباد 8 نمبر ٹرانسفارمر حادثے میں زخمی 18 افراد بشمول 5 حیسکو ملازمین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اس خوفناک حادثے میں فوت ہونے والے 5 افراد کے لواحقین کو صبر کی تلقین کی ہے اورگہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا فوری طور پر غفلت برتنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پر ایس ڈی او رضوی سب ڈویژن محمد عرفان ، لائن سپرنٹنڈنٹ سلیم اور 2 لائن مینوں کے علاوہ 132 کے وی گرڈاسٹیشن لطیف آباد کے SSO-I لال بخش کو بھی فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء حیسکو چیف نے واقعہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں جنرل منیجر آپریشن عبدالاحد کی سربراہی میں چیف انجینئرP&E منظور حسین سومرو، منیجر سرویلینس اینڈ انویسٹی گیشن اعجاز شیخ، اور سپرنٹنڈنگ انجینئر لاڑ منظور حسین سومروشامل ہیں، چار رکنی انکوائری کمیٹی اپنی رپورٹ آج ہی جمع کروائے گی۔

متعلقہ عنوان :