قوم دعا کرے ،فائنل میں مایوس نہیں کروں گا :ارشد ندیم

فائنل میں بھی اچھی تھرو کرنے کی کوشش کرونگا، میڈل حاصل کرکے پاکستان کا پرچم سربلند کروں گا: قومی ایتھلیٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 اگست 2021 12:31

قوم دعا کرے ،فائنل میں مایوس نہیں کروں گا :ارشد ندیم
ٹوکیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اگست 2021ء ) ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ قوم ان کے لیے دعا کرے ، فائنل میں مایوس نہیں کروں گا اور میڈل حاصل کرکے پاکستان کا پرچم سربلند کروں گا۔ ارشد ندیم نے کوالیفائنگ مقابلے کے بعد کوچ کے ہمراہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوا، پاکستانی قوم کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور سپورٹ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میرے کوچ نے میرے لیے دن رات بہت محنت کی، ہمیں یقین ہے کہ ہم فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔ ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے عمدہ تھرو کی جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔

(جاری ہے)

ارشد ندیم کو ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی نے فون کرکے مبارکباد دی ، اکرم ساہی نے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ وہ فائنل میں بھی اس کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے نئی تاریخ رقم کریں گے ۔

یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے عمدہ پرفارم کرتے ہوئےفائنل کیلئے کوالیفائی کیا، وہ فائنل میں 7 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

متعلقہ عنوان :