سعودی عرب نے12سال سے کم عمرطالب علموں کی درس گاہوں میں حاضری ملتوی کردی

کم عمر بچوں کے لیے فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا‘ طلبہ کے عمارت میں داخل ہونے سے پہلے اورباہرنکلنے کے بعد جماعت کے کمروں کی جراثیم کش اسپرے کیا جائے .سعودی وزارت تعلیم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:42

سعودی عرب نے12سال سے کم عمرطالب علموں کی درس گاہوں میں حاضری ملتوی کردی
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اکتوبر ۔2021 ) سعودی عرب میں وزارتِ تعلیم نے 12 سال سے کم عمرطلبہ کی جماعتوں میں ذاتی حیثیت میں تدریس کے لیے حاضری ملتوی کردی ہے اس سے قبل وزارت نے 12 سال سے کم عمرطلبہ کی سکولوں میں حاضری کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی. سعودی نشریاتی ادارے نے وزارت تعلیم کے ایک اعلامیے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس زمرے کے طلبہ کی حاضری کو وبائی امراض کے خطرات سے متعلق مطالعات کی تکمیل تک ملتوی کردیا گیا ہے تاکہ ان کی اوران کے خاندانوں کی حفاظت اور صحت کو یقینی محفوظ بنایا جاسکے.

(جاری ہے)

وزارت تعلیم کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اس عمرکے گروپ کے لیے فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ کووِڈ-19 ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے متوسط اور ثانوی درجوں کے طلبہ کی تدریس میں باقاعدگی تعلیم اور صحت کی وزارتوں کی مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے وقایا ایپلی کیشن کی منظورشدہ احتیاطی تدابیراور صحت کے پروٹوکول پر عمل درآمد سے ان طلبہ وطالبات کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے.

واضح رہے کہ سعودی وزارتِ تعلیم نے مملکت میں رواں تعلیمی سال میں کام کرنے والے سکولوں کے لیے کووِڈ-19 کے تعلق سے عمومی ہدایات جاری کی تھیں وزارت تعلیم نے وزارت صحت کے ساتھ مل کر یہ اعلان کیا تھاکہ تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے تمام طلبہ اور سکولوں کے عملہ کے ارکان کومکمل ویکسین لگوانا ہوگی. ہدایات میں کہا گیا تھا کہ سکولوں کو سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ قواعدوضوابط پر عمل کرنا ہوگا اور طلبہ اور عملہ کے ارکان کوکووِڈ-19 سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر کی پاسداری جاری رکھنی چاہیے طلبہ کے عمارت میں داخل ہونے سے پہلے اورباہرنکلنے کے بعد جماعت کے کمروں کی جراثیم کش اسپرے کیا جائے .