Live Updates

اگر (ن) لیگ کو جسٹس (ر) ثاقب نثار کی آڈیو کے درست ہونے کا یقین ہے تو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائیں‘ فرخ حبیب

کبھی جعلی قطری ،ڈیڈز ،کیلبری فونٹ ،حلف نامے ،ویڈیوز ،آڈیو زآ گئیںنہیں آئیںتو رسیدیں نہیں آئیں‘ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات

ہفتہ 27 نومبر 2021 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جس طرح موقف اپنا رہی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ جسٹس (ر) ثاقب نثار کی آڈیوکے فرانزک کے پیسے اس نے ادا کئے ہیں،اگر انہیں آڈیو کے درست ہونے کا اتنا ہی ثبوت ہے تو اسے اپنے کیس میں عدالتی ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بنایا جارہا ، عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا رجحان خوش آئند ہے اور اگر یہ جاری رہتا ہے تو طے شدہ مدت کے اندر اس کا ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا۔

لاہور میں ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جوایڈیٹ شدہ جعلی ویڈیوز سامنے آئی ہیں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے البتہ ایک آڈیو جو سامنے آئی ہے اس کی آواز کو خاتون مریم صفدر نے تسلیم کیا ہے جس کے ذریعے میڈیا پر پابندیاں لگائی جارہی تھیں میڈیا کا گلہ گھونٹا جارہا تھا ،اس سے نظر آتا ہے کہ (ن) لیگ کس طرح فاشسٹ حکومت کے طور پر کام کر رہی تھی ،کس طرح اپنی چور ی پردہ ڈالنے کے لئے ایک گروپ کو نوازا جارہا تھا اورباقی اداروں کو اشتہارات نہیں دئیے جارہے تھے ، اس پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے اور انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ وہ کس حیثیت میں میڈیا کو کنٹرول کر رہی تھیںاور آج کس منہ سے آزادی صحافت کی بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح جسٹس (ر) ثاقب نثار کی آڈیو کا کہا جارہا ہے کہ اس کی فرانزک ہوئی ہے او رمسلم لیگ (ن)کی جانب سے بار بار کہا جارہا ہے ،اس سے ایسا لگتا ہے تو فرانزک کے پیسے (ن) لیگ نے ادا کئے ہیں،دوسری بنیادی چیز یہ ہے کہ اگر انہیںاس آڈیو پر اتنا یقین ہے تو مسلم لیگ (ن) اس کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بناتی اور اسے عدالت میں پیش کرے ۔

جس طرح جج ارشد ملک کی ویڈیو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنی اسی طرح یہجسٹس (ر) ثاقب نثار کی آڈیو کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنا رہے ، ویڈیوز اور آڈیوز کوریکارڈ کا حصہ بناتے بناتے چار فلیٹوں کی رسیدیں بھی لے آئیں کیونکہ شریف خاندان نے جھوٹ اور جعلی دستاویزات کے سوا عدالت میںکچھ جمع نہیں کرایا۔ کبھی جعلی قطری خط آ گیا ، جعلی ڈیڈز آ گئیں ،کیلبری فونٹ آ گیا ،جعلی حلف نامے ،جعلی ویڈیوز ،آڈیو زآ گئیںاگرنہیں آئیںتو رسیدیں نہیں آئیں۔

انہوںنے یکم دسمبر سے پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے کہا کہ فی الحال ایسی کوئی تجویز نہیں ، عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اگر یہ کمی بر قرا ر رہتی ہے تو اس کا ریلیف عوام کو فراہم کیا جائے گا، اس کے لئے طے شدہ مدت ہے اور جب عالمی سطح پر قیمتیں کم ہو ں گی تو اسے فائدے کو عوام کو منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عدالتی اصلاحات پر کام کر رہی ہے ،سول لاز کا قانو ن پاس کر چکے ہیں۔سی آر پی سی،کریمینل لاء پرتمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے اسے کابینہ کی منظور ی کے بعد قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جس سے عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دو رہوجائیں گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات