چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی متحدہ عرب امارات کی 50 ویں سالگرہ پر یواے ای کی قیادت اور عوام کو مبارکباد

جمعرات 2 دسمبر 2021 13:51

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی متحدہ عرب امارات کی 50 ویں سالگرہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کی 50 ویں سالگرہ پر  اس کی قیادت اور عوام کو پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سیاسی قیادت نے اتحاد، ترقی و خوشحالی کی مثالی منزلیں طے کی ہیں، پاکستان  یو اے ای کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ وژن ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات  کے برادرانہ تعلقات کثیر الجہتی تعاون پر محیط ہیں، بھائی چارے اور اعتماد کا رشتہ مشترکہ مذہبی و ثقافتی روابط کے باعث مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر مثالی تعاون پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اعتماد اور احترام کو ظاہر کرتا ہے، ہمیں ان تعلقات اور بھائی چارے کی فضاء کو مزید تقویت دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروباری نقل و حمل کے ذریعے دونوں اطراف کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پوری اتری ، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کیلئے نئی کامیابیوں اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان۔متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد۔