انٹرکالجز سپورٹس فیسٹیول میں ہدف کالج کے کھلاڑی بازی لے گئے

جمعہ 21 جنوری 2022 22:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2022ء) انٹر کالجز سپورٹس فیسٹیول میں ہدف کالج کے کھلاڑی بازی لے گئے پشاور بورڈ کے زیر اہتمام ہونیوالے سپورٹس فیسٹیول میں ہدف کالج کی ٹیم نے باسکٹ بال اور سکواش ایونٹ میں ٹرافی اپنے نام کی‘باسکٹ بال کے ایونٹ میں ہدف کالج نے سیمی فائنل میں اسلامیہ کالج کی ٹیم کے خلاف انتالیس کے مقابلے میں انچاس پوائنٹس سے کامیابی اپنے نام کی جبکہ فائنل میں ہدف کالج نے گورنمنٹ کالج پشاور کے خلاف 37 کے مقابلے میں 59 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی جیت لی سکواش کی ٹرافی بھی ہدف کالج نے ہی اپنے نام کی ہدف کالج نے سکواش کے فائنل میں گورنمنٹ کالج کے خلاف صفر کے مقابلے میں تین گیمز سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ہدف کالج کے پرنسپل رانا مظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہدف کالج نے تعلیمی میدان کیساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں اور خاص طور پر کھیلوں کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘انٹر کالجز مقابلوں میں سکواش اور باسکٹ بال ایونٹس میں ٹرافیاں جیتنے سے کھلاڑیوں کا مورال مزید بلند ہوا ہے اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلباء کو کھیلوں میں بھرپورطریقے سے شامل کیاجائے اور انہیں کھیلوں کی بھی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں یہی وجہ ہے کہ ہمارے کھلاڑی سپورٹس فیسٹیول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ہماری طرف سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سپورٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

۔

متعلقہ عنوان :