شام کے علاقے عفرین میں خود کش حملہ،پانچ افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

حملہ ترک حمایت یافتہ ملیشیا کے عسکری اڈے کے نزدیک ہوا،کرد علیحدگی پسندملوث ہیں،ترک حمایتی ملیشیا

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:03

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) شام کے علاقے عفرین میں ایک فوجی اڈے کے نزدیک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے علاقے عفرین میں ترک حمایت یافتہ ملیشیا کے عسکری اڈے کے نزدیک خودکش حملے میں 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ترک حمایت یافتہ ملیشیا نے حملے کی ذمہ داری کرد علیحدگی پسند جماعت پر عائد کی ہے۔ اس علاقے میں کرد علیحدگی پسندوں اور ترکی کے حامی جنگجووں میں جھڑپیں عام ہیں۔