قومی اسمبلی ، اس وقت ملک کے 89 فیصد حصہ میں فور جی ٹیکنالوجی فراہم کی جارہی ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی

جمعہ 20 مئی 2022 12:59

قومی اسمبلی ، اس وقت ملک کے 89 فیصد حصہ میں فور جی ٹیکنالوجی فراہم کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) قومی اسمبلی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک کے 89 فیصد حصہ میں فور جی ٹیکنالوجی فراہم کی جارہی ہے، آئندہ چھ ماہ تک ملک بھر میں فور جی ٹیکنالوجی کا نیٹ ورک مکمل کرلیا جائے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے فور جی کی سہولت کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت 89 فیصد حصہ میں فور جی کی سہولت موجود ہے۔ پہلے کمپنی کے ساتھ ضلع اور تحصیل ہیڈ کوارٹر کی سطح پر فور جی کی سہولت کی فراہمی کی سہولت کا معاہدہ 15 سال کا تھا۔ ملک کا ابھی تک 11 فیصد حصہ فور جی سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر درشن کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ تک ملک کے ہر حصہ تک فور جی کی سہولت فراہم کردی جائے گی تاہم سٹریٹجک لحاظ سے جہاں جہاں پابندی ہوگی وہاں یہ فراہم نہیں کی جائے گی۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور پی ٹی اے نے دیگر فریقین کی مشاورت سے فائیو جی ٹیکنالوجی کے لئے پالیسی گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دے دی تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی مشاورتی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔