ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے لوئر اورکزئی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا

منگل 24 مئی 2022 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے لوئر اورکزئی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔بازاروں کی خوبصورتی کے ترقیاتی منصوبے کا مختلف جگہوں پر معائنہ کیا اور مذکورہ منصوبے پر کام شروع نہ کرنے کے حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اورکزئی کو ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ ایک ہفتے میں اس عوامی منصوبے پر منظورشدہ سپیسیفیکیشن کے مطابق فزیکل کام کیا جائے اور مطلوبہ معیاد کے اندر اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا یاجائے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے درگئی-بالاکوٹ روڈ کا معائنہ کیا اور روڈ کی تعمیر میں تنازعہ کے حل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر لوئر اور ڈی ایس پی لوئر کو احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے گورنمنٹ مڈل سکول تڑانگی کی تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور موقع پر جاری ناقص تعمیراتی کام کو مسمار کیا۔ ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو موقع پر ضروری احکامات جاری کئے اور ٹھکیدار کو منظورشدہ سپیسیفیکیشن کے مطابق تعمیراتی کام کو ازسر نو تعمیر کرنے کے احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے کڈہ بازار میں جاری سڑک کی تعمیر کا معائنہ کیا اور مطلوبہ معیار کے مطابق تعمیراتی کام پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی کارکردگی کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کلایہ میں بھی جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو بقایا 20 فیصد کام کو جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے کلایہ سپورٹس کمپلیکس میں تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ ٹھیکدار اور کنسلٹنٹ فرم کی طرف سے کام کی رفتار کی سستگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور احکامات جاری کئے کہ اس عوامی منصوبے کے تعمیراتی کام کی روزانہ کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو پیش کی جائے۔ اس دورے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اسسٹنٹ کمشنر اپر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو اور ڈی ایم او (M&E) کوہاٹ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :