انگلینڈ اور بھارت کے مابین ایجبسٹن ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل، انگلینڈ کو فتح کے لئے مزید 119 رنز درکار

پیر 4 جولائی 2022 23:20

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) انگلینڈ اور بھارت کے مابین ایجبسٹن ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لئے، اسے میچ میں فتح کے لئے مزید 119 رنز جبکہ بھارت کو 7وکٹیں درکار ہیں، جو روٹ 76اور جونی بیرسٹو 72 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پیر کو ایجبسٹن، برمنگھم میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بھارت نے 125 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم 245 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

چوتیشور پجارا 66 اور رشبھ پانٹ 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلش کپتان بین سٹوکس نے 33 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرکے بھارتی ٹیم کو بڑا سکور کرنے سے روکا۔ سٹورٹ براڈ اور میتھیو پوٹس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس طرح بھارت نے انگلینڈ کو میچ میں فتح کے لئےمجموعی طورپر 378 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا۔

اوپنرز ایلکس لیس اور زاک کرولی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنائے۔ ایلکس لیس 56 اور کرولی 46 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ اولی پوپ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر مڈل آرڈر بلے بازوں جو روٹ اور جونی بیرسٹو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 150 رنز بنا کر میچ میں اپنی گرفت مضبوط بنالی۔ جو روٹ 76 اور جونی بیرسٹو 72 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ اس طرح انگلینڈ نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لئے ہیں۔ بھارتی کپتان جسپریت بمرانے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انگلینڈ کو میچ میں فتح کے لئے مزید 119 رنز جبکہ بھارت کو فتح کے لئے سات وکٹیں درکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :