شہدائے کربلا کی قربانیوں سے اہل حق کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا،ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

پیر 8 اگست 2022 19:33

شہدائے کربلا کی قربانیوں سے اہل حق کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا،ڈاکٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ خانوادہ رسولؐ کی شہادت کرہ ارض کا المناک اور اندوہناک سانحہ ہے، جسے انسانیت تاقیامت کبھی فراموش نہیں کر سکے گی، پیغام کربلا یہ ہے کہ حق کا ساتھ دینا حسینیت اور دنیاوی مفادات کے لئے جھوٹ کا ساتھ دینا یزیدیت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں غلبہ حق کے لئے عظیم قربانی دے کر یزید کے باطل نظریات کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رد اور بے نقاب کر دیا، کربلا کے ریگزاروں سے شعور و آگہی اور حق وصداقت کے چشمے پھوٹے۔

انہوں نے کہا کہ زندگی حق کے ساتھ بسر کرنی ہے تو پھر حسین ؓکے کردار سے رہنمائی لی جائے۔ انکا کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں سے اہل حق کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا۔ یزیدیت آج بھی اسلام کی قدریں مٹانے، امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے سرگرم ہے جبکہ حسینیت اتحاد امت، اخوت، محبت، امن، حق گوئی و بے باکی کا نام ہے۔