دنیائے ٹینس کے بڑے نام، حریف بھی اور ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی ایک ساتھ آبدیدہ ہوگئے

رافیل نڈال کے ہمراہ راجر فیڈرر کا کیریئر کا آخری میچ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ دنیا بھر میں چاہنے والوں کے لئے بھی جذباتی لمحہ بن گیا

ہفتہ 24 ستمبر 2022 16:54

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) دنیائے ٹینس کے بڑے نام، حریف بھی اور ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی ایک ساتھ آبدیدہ ہوگئے۔رافیل نڈال کے ہمراہ راجر فیڈرر کا کیریئر کا آخری میچ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ ان کے دنیا بھر میں چاہنے والوں کے لئے بھی جذباتی لمحہ بن گیا۔لندن میں17ہزار 500 تماشائیوں کے درمیان 41 سالہ راجر فیڈرر نے رافیل نڈال کے ہمراہ لیور کپ میں حریف امریکی جوڑی جیک ساک اور فرانسس ٹیافو کے خلاف میچ کھیلا۔

جس میں نڈال اور فیڈرر کی جوڑی کو شکست ہوئی۔میچ کے بعد راجر فیڈرر اپنے پروفیشنل کیریئر کو الوداع کہنے پر جذباتی ہوکر آبدیدہ ہوگئے، انہیں دیکھ کر رافیل نڈال بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔

(جاری ہے)

دنیائے ٹینس کے دو انتہائی بڑے ناموں کے درمیان اس قدر دوستی اور جذباتی لمحات کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر خوب پسند اور شیئر کیا گیا اس کے علاوہ میچ کے دوران لی گئی مختلف تصاویر کو بھی سوشل میڈیا پر صارفین نے بے حد پسند کیااس موقع پر راجر فیڈرر کا کہنا تھا کہ یہ ایک شاندار دن رہا میں خوش ہوں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کیریئر کے دوران راجر فیڈرر کے رافیل نڈال اور نواک جوکووچ کے خلاف میچز کو شائقین نے خوب انجوائے کیا۔راجر فیڈرر اسپین کے رافیل نڈال کے خلاف 40 مرتبہ ایکشن میں دکھائی دیئے، جس میں انہوں نے 16 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ نواک جوکووچ کے خلاف وہ 23 مرتبہ جیتے۔