انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم

بدھ 30 نومبر 2022 16:53

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے، کوشش ہو گی سیریز جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھ سکیں، راولپنڈی کی کنڈیشنز دونوں ٹیموں کو سپورٹ کر رہی ہے، اچھے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

بدھ کو راولپنڈی سٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ سو فیصد پرفارمنس دوں،راولپنڈی کی کنڈیشنز دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرتی ہیں، ہماری بائولنگ لائن بہت مضبوط ہے اور مجھے اپنے بائولرز پر پورا اعتماد ہے وہ وکٹیں لیں گے اور پاکستان کو کامیابی دلائیں گے، انہوں نے کہا کہ وکٹ بہت اچھی ہے اور امید ہے کہ میچ فیصلہ کن ہو گا، انہوں نے کہا کہ سابق کپتان محمد یوسف کافی تجربے کار ہیں اور ان سے بھرپور رہنمائی مل رہی ہے، انگلینڈ کا سکواڈ سامنے آنے کے بعد اپنا پلان کر لیا ہے، کل میدان میں اپنا لائحہ عمل سامنے لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں سیکھنے کا موقع ملتا ہے، کارکردگی اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، غلطیاں ہم کرتے ہیں اور غلطیوں سے ہی سیکھتے ہیں،پاکستان میں لوگ کرکٹ سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں، شائقین سیریز دیکھنے سٹیڈیم میں ضرور آئیں اور دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے، اس لئے کوشش ہو گی میچز جیت کر ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکیں، ٹیسٹ میچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کی خوبصورتی یہی ہے اس میں سکون اور صبر کا امتحان ہوتا ہے، ٹیسٹ میچ کی صورتحال ایسی ہے کہ ایک سیشن میچ کو بدل سکتا ہے۔\932

متعلقہ عنوان :