سی ڈی اے کے شعبہ سینی ٹیشن کا ای کچہری کا انعقاد

جمعرات 1 دسمبر 2022 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) چیئرمین سی ڈی اے کپیٹن (ر) محمد عثمان یونس کی ہدایت پرشعبہ سینی ٹیشن نے جمعرات کو ای کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہر میں صفائی ستھرائی سے متعلق مسائل کو زیر غور لاتے ہوئے شہریوں کی آن لائن شکایات کو سنا گیا۔ سی ڈی اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈی جی سوک مینجمنٹ سمیت متعلقہ افسران نے شہریوں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔

اس موقع پر اسلام آباد کے تمام سیکٹروں اور علاقوں سے آن لائن شکایات موصول ہوئیں۔ انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ موصول ہونے والی شکایات کا 24گھنٹوں کے اندر ازالہ کردیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے مختلف شعبوں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ وار ہر شعبے کے لئے ای کچہری کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے جبکہ انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق ہر شعبے کی علیحدہ ہیلپ لائن نمبر کا بھی اجرا کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جاسکیں۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے انتظامیہ نے ای کچہری کے انعقاد کے موقع پر شہریوں سے آن لائن اپیل بھی کی کہ وہ اسلام آباد شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ادارے کے ساتھ تعاون بھی کریں اور کوڑا کرکٹ مختص کردہ جگہوں پر ہی تلف کریں۔

متعلقہ عنوان :