ملازمت کے معاہدے میں تبدیلی کی تاریخ میں توسیع کا اعلان

متحدہ عرب امارات کی متعلقہ وزارت نے آخری تاریخ 2 فروری سے بڑھا کر 31 دسمبر 2023ء کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 31 جنوری 2023 12:34

ملازمت کے معاہدے میں تبدیلی کی تاریخ میں توسیع کا اعلان
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2023ء) متحدہ عرب امارات نے ملازمت کے معاہدے میں تبدیلی کے لیے آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق وزارت برائے انسانی وسائل اور امارات (ایم او ایچ آر ای) نے نجی شعبے کے ملازمین کے ملازمت کے معاہدوں کو "غیر متعینہ مدت" سے "مخصوص مدت" کے معاہدوں میں تبدیل کرنے کی آخری تاریخ کو 2 فروری 2023ء سے 31 دسمبر 2023ء تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے، اس سے نجی شعبے میں کام کے معاہدوں کی شرائط کو درست کرنے کے لیے اسے لچک اور کافی وقت ملے گا، جس کا مقصد ورک فلو پر کسی اثر کے بغیر پرائیویٹ سیکٹر کو کاروبار میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدوں کی منتقلی کے فیصلے سے لچک، کاروبار میں آسانی کے اصول اور نجی شعبے کی کمپنیوں کی مسابقت میں اضافہ ہوگا، معاہدہ کے تعلق سے دونوں فریقوں کے تحفظ کی ضمانت ملتی ہے، جس سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، جو کہ ایک نئی معیشت میں داخل ہوئی ہے، نجی شعبہ متحدہ عرب امارات کے ترقیاتی سفر میں شراکت دار ہے، ہم امارات کے جی ڈی پی میں اس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم نے حال ہی میں ایمریٹائزیشن میں پرائیویٹ سیکٹر کی کامیابیوں کا مشاہدہ کیا ہے، جس نے متحدہ عرب امارات میں ایمریٹائزیشن کی مجموعی شرحوں کو بڑھانے میں نمایاں طور پر مدد کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پچھلے سال فروری میں نافذ ہونے والے ایک نئے لیبر قانون کے تحت آجروں کو کارکنوں کو مقررہ مدت کے معاہدے کی پیشکش کی ضرورت تھی، ابتدائی طور پر تین سال کی حد مقرر کی گئی تھی، تاہم اکتوبر میں وزارت نے یہ کہتے ہوئے اس کیپ کو ہٹا دیا کہ معاہدوں کو کسی حد کی وضاحت کیے بغیر ایک مقررہ مدت کا احاطہ کرنا چاہیے، نئے لیبر قانون میں کل وقتی اسکیم کے علاوہ کام کے نئے ماڈل بھی متعارف کرائے گئے ہیں، ان میں ریموٹ ورک، مشترکہ ملازمتیں، جز وقتی، عارضی اور لچکدار ملازمت کے معاہدے شامل ہیں، بنیادی طور پر ملازمین اور آجروں کے پاس معاہدے کی قسم کا تعین کرنے کی لچک ہوتی ہے جو دونوں فریقوں کے مفادات کو پورا کرتا ہے۔