قراقرم کوآپریٹو بینک لمیٹڈ گلگت بلتستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا خصوصی اجلاس

بدھ 22 فروری 2023 22:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2023ء) قراقرم کوآپریٹو بینک لمیٹڈ گلگت بلتستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا خصوصی اجلاس چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، چیرمین کے سی بی ایل کے زیر صدارت بینک ہیڈ آفس جٹیال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو عید گاہ استور برانچ کے مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے قائم اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی سلطان فیصل نے تفصیلی بریفنگ دی اور کیس کے تفتیشی، قانونی اور تکنیکی پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

جرم میں ملوث ملازمین سے مسروقہ رقم کی وصولی کے لیے اب تک کی پیشرفت اور قانونی لائحہ عمل سے متعلق معاملات زیر غور آئے ۔ اجلاس میں بینک کے قانونی مشیران خورشیدالحسن ایڈوکیٹ اور اسلام الدین ایڈوکیٹ بھی شریک تھے انہوں نے عدالتی معاملات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

بینک بورڈ نے پولیس کو درپیش مشکلات اور رکاوٹوں سے متعلق بھی غور و حوض کیا۔چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کیس کو قانون کے مطابق چلانے اور منطقی انجام تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے۔

بورڈ نے انویسٹیگیشن ٹیم ڈی آئی جی سلطان فیصل، اے آئی جی حفیظ الرحمن، ڈی ایس پی برکت اللہ، ایس ایچ او سٹی تھانہ استور صلاح الدین ، لائن آفیسر استور ارشاد ، بینک آفیسران شیر حمید سنئیر منیجر آڈٹ اور محمد نذیر سنئیر منیجر کمپلائنس کے کیس کے حوالے سے خدمات کو سراہا اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور بغیر کسی دباؤ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کریں گے۔

مجرمان سے غبن شدہ رقوم کی ریکوری کیلئے تمام دستیاب قانونی آپشنز پر غور کیا گیا اور ملزمان کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات و کوائف حاصل کرنے کے حوالے سے کی گئی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس نے بینک ملازمین کی روٹیشن پالیسی کا بھی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پوسٹنگ ٹرانسفرز رکوانے کیلئے جو بھی ملازم سفارش کا سہارا لے گا اس کو بینک قواعد کے تحت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا اور پالیسی کے تحت استثناء کے لئے درخواستیں صرف بورڈ میں ہی پیش کی جاسکیں گی ۔

اس ضمن میں بورڈ نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جس کی قیادت ایڈیشنل چیف سیکرٹری عزیز احمد جمالی کریں گے جبکہ سید مہدی حیدر وائس چیئرمین بورڈ، فروخ عتیق خان سیکرٹری فنانس اور مہناز پروین ڈائریکٹر ممبران ہوں گے۔ مذکورہ کمیٹی بینک میں متعارف کردہ انٹرنل کنٹرولز میکانزم کا جائزہ لے گی اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے بورڈ کو آگاہ کرے گی۔ اجلاس نے گلگت بلتستان میں فلاح و بہبود کیلئے قراقرم بینک اور حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ جاتی منصوبوں میں باہمی اشتراک اور تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :