آئی سی سی ٹورنامنٹس فائنل کھیلنے کے باوجود ’ناکام کپتان‘ قرار دیا گیا :ویرات کوہلی

3،4 آئی سی سی ٹورنامنٹس کے بعد ہی ناکام کپتان قرار دے دیا گیا، انڈین ٹیم کے کلچر میں تبدیلی ہمیشہ فخر کی بات رہی: بھارتی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 26 فروری 2023 19:00

آئی سی سی ٹورنامنٹس فائنل کھیلنے کے باوجود ’ناکام کپتان‘ قرار دیا ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 فروری 2023ء ) بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ بحیثیت کھلاڑی میں نے ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیتی اور بحیثیت کپتان ٹیم کو ورلڈ کپ فائنل اور سیمی فائنل تک رسائی دلائی لیکن اس کے باوجود انہیں ناکام کپتان قرار کیا گیا۔ رائل چیلنجر بنگلور کی پوڈکاسٹ میں ویرات کوہلی نے کہا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس کے فائنل اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے باوجود انہیں ’ناکام کپتان‘ قرار دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں، میں نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں قیادت کی، 2019ء میں ورلڈ کپ میں قیادت کی اور 2021ء ٹی 20 ورلڈ کپ میں کپتانی کی، تین چار آئی سی سی ٹورنامنٹس کے بعد مجھے ہی مجھے ناکام کپتان قرار دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انڈین ٹیم کے کلچر میں تبدیلی میرے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہی، ایک ٹورنامنٹ کچھ وقت کے لیے ہوتا ہے لیکن کلچر ایک طویل عرصے تک ٹیم کے ساتھ رہتا ہے اور اس کے لیے آپ کو ایک ٹورنامنٹ جیتنے سے بڑھ کر کچھ کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بحیثیت کھلاڑی ورلڈ کپ جیتا، بحیثیت کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی جیتی، میں اس ٹیم کے ساتھ تھا جس نے 5 ٹیسٹ میس جیتیں، اگر آپ اس نقطہ نظر سے دیکھیں تو ایسے بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے آج تک ورلڈ کپ تک نہیں جیتا۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت تھا کہ میں 2011ء ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھا، میں نے ورلڈ کپ سے قبل بہت رنز کیے تھے اور یہی چیز میری سلیکشن کی وجہ بنی تھی، ایسا ایونٹ جو سچن ٹنڈولکر کا چھٹا ورلڈ کپ تھا اور ہم نے وہ ورلڈ کپ جیتا، میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیل رہا تھا اور ہم وہ ایونٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی الماری میں ٹرافیاں سجانے کے لیے پاگل نہیں ہوں اور جب مڑ کر اپنے کیریئر کی طرف دیکھتا ہوں تو جو کچھ میں نے حاصل کیا اس کے لیے بہت شکر ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر کے بعد بھارت کے سب سے کامیاب بلے باز تصور کیے جانے والے ویرات کوہلی نے 2021ء ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ سے بھارتی ٹیم کے اخراج کے بعد قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس موقع پر انہیں تمام حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ 15سال پر محیط کیریئر کے دوران ویرات کوہلی تینوں فارمیٹس میں 25 ہزار سے زائد رنز کرنے کے ساتھ ساتھ 73 سنچریاں کرنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :