سیالکوٹ، محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری کے مہینہ میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

منگل 9 جنوری 2024 14:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2024ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری کے مہینہ میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ کاشتکار مرچ کی پنیری کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ 10سے 12ٹن گوبرکی گلی سڑی کھادمیں 20کلوگرام یوریاملاکر استعمال کریں اورکھیت کی آبپاشی بھی کی جائے نیز وترآنے پر 2سے3مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلاکر زمین کو چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اُ گ آئیں۔

(جاری ہے)

زراعت آفیسر(ٹیکنیکل )سیالکوٹ ذیشان گورائیہ نے ”اے پی پی“کوبتایا کہ کاشتکار مرچ کی پنیری کی کاشت کے لئے ایسی زرخیز میرازمین کا انتخاب کریں جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدارمیں موجود ہوتوکیونکہ ایسی زمین نمی دیرتک برقراررکھنے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اورمرچ کی جڑیں زمین کے نیچے سے آسانی سے خوراک حاصل کرکے خوب نشوونما پاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلاکر جڑی بوٹیوں کی تلفی کرتے ہوئے کھیت کوکھلا چھوڑ دیاجائے تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔