معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے علماء کرام اپنا موثر کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

بدھ 17 جنوری 2024 13:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن وآشتی، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے علماء کرام اور مذہبی جماعتوں کے نمائندگان اپنا موثر کردار ادا کریں، معاشرے میں عدم برداشت اور نفرت کے خاتمہ کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عمائدین اپنے فکری و گروہی اختلافات کو بالا طاق رکھتے ہوئے پائیدار امن کیلئے کام کریں یہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کی کور کمیٹی ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ سعید، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، ملک ذاکر حسین اعوان، صاحبزادہ مولانا محمد ایوب خان، مولانا احمد مصدق قاسمی، مفتی کفایت اللہ شاکر، حافظ عبد الغفار ، ظفر عباس، اشفاق نذر گھمن، حافظ غلام محی الدین جیلانی، پادری مالک مسیح، پنڈت جشپال، بشپ سراج مسیح اور حکیم رتن لال نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ سیالکوٹ میں مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ضلعی انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر پایہء تکمیل تک پہنچایا جائے بالخصوص سیوریج اور روڈ انفراسٹریکچر کے پراجیکٹ پر کام سے ٹریفک کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے جس سے شہریوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا انتظامیہ کو مکمل ادارک ہے۔ اجلاس میں امن کور کمیٹی کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع کی امن و امان کی صورتحال بارے تفصیلی بریفینگ دی اور کہا کہ امن کمیٹی کے اراکین امن و امان کے قیام کیلئے فی سبیل اللہ کام کررہے ہیں۔ اجلاس کے آخر ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔