آئی ٹی انڈسٹری کو ڈی سی او میں مبصرکا درجہ ملنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا ‘ زوہیب خان

جمعہ 2 فروری 2024 17:17

آئی ٹی انڈسٹری کو ڈی سی او میں مبصرکا درجہ ملنے سے برآمدات میں اضافہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2024ء) پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو باضابطہ طور پر ’’ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن ‘‘کی تیسری جنرل اسمبلی میں مبصر کا درجہ ملنا بڑی کامیابی ہے جس سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری اور آئی ٹی سروسز کی خدمات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے نجی شعبے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیک لینڈ سکیپ میں متعدد بین الاقوامی فورمز پر اپنی رسائی کی کوششوں کا حصہ بنایا ہے جس سے ہمیں دنیا میں آئی ٹی انڈسٹری روابط قائم کرنے میں مدد ملی ہے ۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سوفٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن اب عالمی سطح پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے 33 مبصرین میں سے ایک ملک ہے ۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل کوارڈی نیشن آرگنائزیشن ایک کثیرالجہتی عالمی ادارہ ہے جس کا مقصد تمام رکن ممالک کے لیے پائیدار اور جامع ترقی کو تیز کر کے ان کی ڈیجیٹل معیشت کو فعال اور ڈیجیٹل دور میں معیشتوں کو درپیش چیلنجوں میں تعاون اور سہولیات فراہم کر نا ہے ۔یاد رہے کہ ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی تیسری جنرل اسمبلی کا انعقاد بحرین میں ہوا اور چیئرمین محمد زوہیب خان نے پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن کے وفد کی نمائندگی کی ۔