ایف جی پولوکلب نے نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا

اتوار 25 فروری 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2024ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2024ء کا فائنل ایف جی پولو کی ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں بی این پولو کی ٹیم شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان کے مطابق فائنل کے مہمان خصوصی بینک الفلاح برانچ بینکنگ ہیڈ اسلامک بینکنگ کے طلال علی رضا جبکہ جی ایم سنٹرل ایسٹ بینک الفلاح سید عرفان اختر گیلانی، لاہور پولو کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایف جی پولو اور بی این پولو کی ٹیموں کے درمیان میچ انتہائی دلچسپ رہا اورپانچویں چکرکے شروع تک سکور 5-5 سے برابر تھا۔آخری چکر میں ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لا سیٹ نے شاندار کھیل پیش کیا۔راہول نے پورے میچ میں 6 گول اور اینڈرس لورنٹے نے دو گول سکورکئے۔

(جاری ہے)

بی این پولو کی طرف سے سنٹی لوسا نے تین، حمزہ مواز خان نے دو اور سنٹوس اریٹے نے ایک گول سکور کیا۔

اس طرح ایف جی پولو نے پہلی بار نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ جیت لی۔قبل ازیں سب سڈری فائنل ٹیم اولمپیا /اے زیڈ بی نے ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس کو 4-3 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ترجمان کیمطابق فائنل والے دن لاہور پولو کلب کے سیزن ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے۔لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سابق صدر لاہور پولو کلب عرفان علی حیدر کو دیا گیا۔

اسی طرح رائیڈنگ سکور کے انسٹرکٹر منور اقبال، سکیورٹی سپروائزر محمد عارف،ڈپٹی گرائونڈز مین محمد علی اور ہیڈ گرائونڈز مین محمد خالد،ایمبولینس کمپنی کے سی ای و محمد نعیم، لاہور پولو کلب کے پولو مینجر محمد عمران اقبال بھٹی، ایڈمن مینجر محمد فیصل، اکائونٹس مینجر محمد عرفان، سال کے بہترین پاکستانی کھلاڑی کا ایوارڈ راجہ میکائل سمیع اور بہترین غیرملکی کھلاڑی کا ایوارڈ راول لیپ لا سیٹ کو دیا گیا۔

ترجمان کیمطابق ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر میکس چارلٹن کو ایوارڈ دیا گیا۔اسی طرح ٹورنامنٹ کی بہترین لوکل گھوڑی کا ایوارڈ راجہ تیمور ندیم کی گھوڑی چینک ،ٹورنامنٹ کے بہترین گھوڑے کا ایوارڈ دانیال شیخ کے گھوڑے اوپن اور فائنل کی بہترین گھوڑی کا ایوارڈ میاں عباس مختار کی گھوڑی کو دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف جی پولو کے کپتان میاں عباس مختار کا کہنا تھا کہ پہلی بار نیشنل اوپن جیت کر بہت مزا آیا۔

انہوں نے کہاکہ ٹیم نے بہت محنت کی ،لیگ میں ہم اس ٹیم سے ہارے بھی مگر شاندار کھیل پیش کرکے واپسی کی اور فائنل جیتا۔ترجمان کے مطابق لاہور پولو کلب میں تاریخی نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے زندہ دلان لاہور ہزاروں کی تعداد میں گرائونڈ میں موجود تھے، فیملیز،بچے اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے میچ دیکھا۔ میچ سے قبل موٹرسائیکل پریڈ، ونٹیج گاڑیوں کی پریڈ، نیزا بازی، عربین گھڑ ڈانس اور چھوٹے بچوں نے گھوڑوں پر مختلف کرتب بھی دیکھائے۔