وفاقی ٹیکس محتسب کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کو عزت دینا اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہے،ڈاکٹر آصف جاہ

پیر 4 مارچ 2024 22:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ ہمارے ادارے کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کو عزت دینا اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہے، ٹیکس گزار کی تکریم لازم ہونی چاہیے،ٹیکس گزار کی شکایت کے اندراج کو آسان تر کردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں چیمبر آف کامرس میں منعقدہ تقریب میں ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداران، اراکین، تاجروں اور ٹیکس بار کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا کہ ہمارے ادارے کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے اور ہمارا ادارہ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں ٹیکس دہندگان کی شکایات کا فوری ازالہ کررہا ہے،ایف ٹی او کا ادارہ ملک میں کاروباری افراد کو ایف بی آر کے غلط فیصلوں کے خلاف کسی خرچہ کے بغیر فوری ریلیف فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 2023 کے دوران 8963 درخواست گزاروں کی شکایات کا 45 دن کے اندر ازالہ کیا گیا اور رواں برس 12 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا،ٹیکس گزاروں کو ابتک 17ارب 70 کروڑ روپے کے وصول شدہ ٹیکس واپس کراچکے ہیں،وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ 60 دنوں کے اندر شکایات پر فیصلہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ ایسا نظام آجائے کہ کوئی شکایت باقی نہ رہے،بدعنوانی پر گریڈ 20 اور 21 کے افسران کے خلاف بھی کاروائیاں کرتے ہیں،ریفنڈ کیس گزشتہ سال بہت زیادہ تھے یہ مسئلہ بھی حل کروایا،ایف ٹی او کے دروازے ہر کسی کے لیے کھلے ہوئےہیں، پرفارمنس میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے نے آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت ملک کے دور دراز کے علاقوں میں آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کیا ہے،ہم نے شہریوں کو سستا انصاف فراہم کرنے کے لیے سادہ کاغذ پر درخواست دینے کی سہولت میسر کی ہے تاکہ کم سے کم وقت اور بغیر وکیل کے درخواست گزار کو فوری انصاف مہیا کیا جا سکے، انصاف کے بغیر معاشرے میں ترقی ممکن نہیں اور ہمیں اس بات کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ انصاف میں تاخیر کرنا انصاف نہ دینے کے مترادف ہے اور اسی چیز کو دیکھتے ہوئے ہمارا ادارہ بھرپور کوشش کرتا ہے کہ صارفین کی شکایت کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

اس موقع پر چیمبر آف کامرس ملتان کے صدر میاں راشد اقبال نے وفاقی ٹیکس محتسب کی ملتان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں چیمبر آف کامرس کے اراکین کے مسائل سے آگاہ کیا اور گزارشات بھی پیش کیں ۔وفاقی ٹیکس محتسب نے چیمبر کے مسائل حل کرنے اور گزارشات پر عملدرآمد کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :