تاجرطبقہ اور متعلقہ اداروں میں پائی جانے والی خلیج کو پر کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں،نائب صدر فیصل آبادچیمبر

منگل 5 مارچ 2024 14:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدرحاجی محمد اسلم بھلی نے کہا کہ مختلف ممالک کے سفیروں کے فیصل آباد چیمبر کے دوروں سے دو طرفہ کاروباری، تجارتی، درآمدی، برآمدی تعلقات بڑھانے میں مدد مل رہی ہے جبکہ تاجروں اورمتعلقہ حکومتی اداروں میں خلیج کو پر کرنے کیلئے بھی شعوری کوششیں کی جا رہی ہیں جن کے مفید نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

بزنس کمیونٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ بہتر معاشرے کی تشکیل میں خواتین کو کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ دیگر ممالک کی خواتین ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا مؤثروفعال کردار ادا کرکے کاروباری، تجارتی، معاشی، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مقیم غیر ملکی سفیر اکثر و بیشتر فیصل آباد چیمبر کا دورہ کرتے ہیں جس کے دوران دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے پر گفت و شنید ہوتی ہے اسی طرح چیمبر معیشت سے متعلقہ معاملوں میں پالیسی سازی کیلئے بھی انتہائی مؤثر کردار ادا کرتا ہے جبکہ تاجروں اور حکومتی اداروں میں وسیع خلیج کو پر کرنے کیلئے بھی شعوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے سماجی شعبہ میں چیمبر کے کردار کے بارے میں بتایا کہ فیصل آباد میں سٹریٹ کرائم بڑھنے کے بعد چیمبر نے سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر متعلقہ اداروں پر دباؤ بڑھایا جس کی وجہ سے سٹریٹ کرائم کی شرح میں تیزی سے کمی آنا شروع ہو گئی۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خواتین کل آبادی کانصف سے بھی زائد ہیں اسلئے انہیں قومی ترقی کیلئے بھی مؤثر اور کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔